Orientation 2025-26
Welcome ceremony






تقریب یوم آزادی پاکستان
Flag Hoisting Ceremony
اسلام آباد (رپورٹ: ڈاکٹر شیر علی) اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ، ایف ٹین فور، اسلام آباد میں یوم آ زادی پاکستان کی تقریب روایتی شان و شوکت اور پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ پروفیسر محمد راشد، پرنسپل، کی سربراہی میں پرچم کشائی سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس میں تمام معزز پروفیسر صاحبان، نان ٹیچنگ اسٹاف اور طلبہ نے شرکت کی۔ پروفیسر مفتی عبد الغفار صاحب نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی دعا فرمائی۔
پرچم کشائی اور اجتماعی دعا کے بعد کالج اسٹاف روم میں یوم آ زادی کے حوالے سے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کا آ غاز تلاوت کلام الٰہی سے کیا گیا، جس کی سعادت ڈاکٹر افتخار احمد نے حاصل کی۔ فرسٹ ائیر کے طالب علم ذیشان رشید اعوان نے نعت رسول مقبول پیش کی۔
سال اول کے طالب علم محمد عمران نے یوم آزادی کے حوالے سے فکر انگیز تقریر کی، جس میں آ پ نے کہا کہ یوم آزادی درحقیقت یوم احتساب بھی ہے۔
پروفیسر وسیم احمد قریشی نے پرسوز آواز میں ملی نغمہ پیش کیا۔
پاکستان اسٹڈیز کے سربراہ ڈاکٹر آ صف ایوب نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں غور کرنا چاہیے کہ ہم کس حد تک قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوئے۔
کالج کے طلبہ نے ملی نغمے سے تقریب کے جوش وخروش میں اضافہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر محمد راشد نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی روشنی میں اپنے فرائض کی انجام دہی عمل میں لانی چاہیے۔ بدعنوانی، اقربا پروری اور دیگر سماجی برائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ آ پ نے تقریب منعقد کرنے والے تمام رفقائے کرام اور شریک ہونے والے اساتذہ اور طلبہ کا شکار ادا کیا۔
تقریب کا اختتام پاکستان کے قومی ترانے پر کیا گیا۔












