Na’atiya Mushaira

بزم ادب، اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ، ایف ٹین فور، اسلام آباد کے زیر اہتمام، بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرہ
اسلام آباد (رپورٹ: ڈاکٹر شیر علی) بزم ادب، اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ، ایف ٹین فور، اسلام آباد کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت محفل نعت کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر نے فرمائی۔ مہمانان خصوصی میں پروفیسر جلیل عالی، جناب منظر نقوی اور پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر شیر علی نے سر انجام دیے۔
تقریب میں پروفیسر صاحبان کے ساتھ ساتھ طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔
محفل نعت کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الٰہی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا، جن کی سعادت پروفیسر جاوید اقبال گوندل نے حاصل کی۔
خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر محمد راشد سلیم نے تمام معزز مہمانوں، اساتذہ کرام اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ آ پ نے علمی و ادبی تقریبات کی اہمیت پر زور دیا۔
اس بابرکت محفل نعت میں جن مہمانان گرامی اور اساتذہ کرام نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گل ہائے عقیدت پیش کیے، ان میں جناب شہباز اکمل، ڈاکٹر جابر حسین، پروفیسر ناصر منگل، پرنسپل پروفیسر محمد راشد سلیم، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن، جناب منظر نقوی، پروفیسر جلیل عالی اور محترم پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر شامل ہیں۔
صاحب صدارت پروفیسر ڈاکٹر احسان اکبر نے حضور سرور کائنات کے اخلاق حسنہ پر فکر انگیز خطاب بھی ارشاد فرمایا۔
تقریب کے انعقاد میں کالج پراکٹوریل بورڈ اور ریفریشمنٹ کمیٹی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس مساعی کو قبول فرمائے۔
