سیرت النبی ﷺ کانفرس

Seerat-un-Nabi ﷺ

ماہ ربیع الاول اور نبی کریم ﷺ کی ولادت مبارکہ کی نسبت سے آج بروز جمعرات مورخہ 11 ستمبر 2025ء کو اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز، ایف ٹین فور اسلام آباد میں سیرت النبی ﷺ کانفرس کا انعقاد ہوا۔ جس میں کالج ہذا کے طلبہ، عملہ اور اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی۔یہ پروگرام دس بجے شروع ہوکر ساڑھے بارہ بجے اختتام پذیر ہوا۔ اس با برکت پروگرام میں طلبہ نے تلاوت قرآن، نعت رسول مقبول ﷺ، سیرت پر تقاریر کے علاوہ سیرت کوئیز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
حالیہ ملازمت سے سبکدوش ہونے والے کالج ہذا کے پروفیسر اور سابق صدر شعبہ اسلام پروفیسر ساجد خان خاکوانی پروگرام کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اپنی کلیدی خطاب میں نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور سنتوں پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پروگرام کے آخر میں جہاں تلاوت، نعت، تقریر اور کوئیز کے مقابلوں میں اول ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات پر مشتمل کتابیں انعام میں دی گئیں وہاں دیگر تمام شریک طلبہ کو اعزازی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا ۔
کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر محمد راشد سلیم صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیرت پر عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پروگرام کے کامیاب انعقاد اور جدید ملٹی میڈیا سے مدد لینے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص پروگرام کے روح رواں شعبہ اسلامیات کے پروفیسر ڈاکٹر افتحار حسین صاحب ، شعبہ اسلامیات کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مفتی عبد الغفار صاحب ، شعبہ عربی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عطاء المصطفیٰ اور شعبہ تعلیم کے صدر پروفیسر وسیم احمد صاحب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔
پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

سیرت النبی ﷺ کانفرس
Scroll to top