Orientation Ceremony for First Year Students (Session 2023-2024)
آج بتاریخ 16اگست 2023 کو اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلباء ایف ٹین فور میں نئے تعلیمی سیشن 2023-2024 کے حوالے سے ایک بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سال اول کے طلباء کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں تعلیم،نظم وضبط،نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں، ماہانہ ٹیسٹوں اور امتحانی نظام کے بارے میں تفصیلاً رہنمائی فراہم کی گئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت کلام مجید سے کیا گیا۔ازاں بعد بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے حوالے سے پرنسپل کالج پروفیسر اطہر الاسلام صاحب نے اپنے استقبالیہ خطاب میں طلباء کو خوش آمدید کہتے ہوئے تعلیم کی اہمیت،حصولِ تعلیم کے مراحل اور کامیابی کے ضوابط پر مختصر مگر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ انھوں نے طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حصولِ تعلیم کے سلسلے میں اپنی پوری انتظامی ٹیم کی طرف سے پھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے قیمتی اوقات کا ایک ایک لمحہ نظم و ضبط کے ساتھ حصولِ تعلیم میں صرف کریں۔ پروفیسر اسماعیل صاحب نے طلباء کو کالج کے نظام الاوقات،کلاسوں کے سیکشن، ماہانہ ٹیسٹوں اور امتحانی طریقۂ کار وغیرہ ملٹی میڈیا پر مفصل طور پر سمجھا دیا۔ پروفیسر وسیم احمد قریشی صاحب نے طلباء کو نصابی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پروفیسر عتیق الرحمن بٹ صاحب نے حصول تعلیم میں نظم و ضبط کی اہمیت ، کالج کے پراکٹوریل بورڈ اور نظم و ضبط کے حوالے سے طلباء کی ذمہ داریوں کے حوالے سے طلباء کی خوب رہنمائی کی۔ کالج میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی تفصیلات اور مواقع کے حوالے سے پروفیسر احمد خان اعوان صاحب نے مفصل گفتگو کی۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر شیر علی نے انجام دیے۔
Orientation Ceremony for First Year Students (Session 2023-2024)